
مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں
ایرانی صدارتی انتخابات، علی رضا زکانی انقلابی محاذ کے دیگر امیدواروں کے حق میں دستبردار
شیعہ نیوز: ایرانی صدارتی امیدوار علیرضا زکانی باضابطہ طور پر ملک کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو گئے ہیں، وہ دوسرے امیدوار ہیں جنہوں نے انتخابات سے صرف ایک دن قبل دیگر امیدواروں کی حمایت میں دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ دارالحکومت تہران کے موجودہ میئر 58 سالہ زکانی نے جمعرات کو اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر شائع ہونے والی ایک پوسٹ میں یہ اعلان کیا۔ بیان میں انہوں نے شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی راہ پر گامزن رہنے کی تاکید کی۔ انہوں نے ساتھی امیدواروں محمد باقر قالیباف اور سعید جلیلی سے "انقلابی محاذ” کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہونے کی بھی اپیل کی۔
اس سے قبل، ایک اور امیدوار امیر حسین غازی زادہ ہاشمی بھی صدارتی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔ ہاشمی اس وقت نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایران کی صدارتی دوڑ میں اس وقت چار امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سابق جوہری مذاکرات کار سعید جلیلی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، سابق وزیر داخلہ مصطفی پور محمدی اور سابق وزیر صحت مسعود پیزشکیان شامل ہیں۔