مشرق وسطی

ایران کی دفاعی پیشرفت حیرت انگیز ہے، دشمن حملے کی جرائت نہیں کرسکتا، صدر رئیسی

شیعہ نیوز: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے ملک کی سائنسی اور دفاعی پیشرفت کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ہمارے خلاف کسی بھی اقدام کی جرائت نہیں کرسکتا۔

یہ بات انہوں نے جمعے کے روز صوبہ ہرمزگان کے دورے کے دوسرے دن بندر عباس میں سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کی دفاعی صلاحتیوں کی نمائش کے موقع پر حاضر ین سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ آج دشمن ہمارے خلاف کچھ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ہماری مسلح افواج طاقتور اور باصلاحیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک آج اعلیٰ سطح کی سائنسی اور دفاعی پیشرفت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزارت انٹیلی جنس کا 28 ممالک میں موساد کے خلاف وسیع آپریشن

صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس نمائش میں آئی آر جی سی کی بحریہ کے جدید ترین سامان حرب اور حربی صلاحیتوں کا قریب سے مشاہدہ کیا جن میں تیز رفتار میزائل لانچنگ بوٹوں، توپ بردار بحری جہازوں، میزائل بردار ڈرون کشتیاں بھی شامل ہیں۔

صدر نے ایرانی ماہرین کی تیار کردہ جدید ترین آبدوز کا بھی معائنہ کیا جسے حال میں آئی آر جی سی کی نیول فورس کے حوالے کیا گيا ہے۔

اس موقع پر صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کے لیے اس نمائش کا پیغام یہ ہے کہ ہم ہر کام کرسکتے ہیں جبکہ دشمن کے لیے ہمارا پیغام کے تم ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

دراین اثنا صدر مملکت نے صوبہ ہرمزگان کے شہر مینا ب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دشمن کو خبردار کیا کہ وہ ایران کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش نہ کرے۔

صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی بار کہا ہے کہ ہم کوئی جنگ شروع نہیں کریں گے لیکن اگرکوئی سامراجی ملک یا طاقت غنڈہ گردی کرے گی تو ایران اس کا ٹھوس اور مناسب جواب دے گا۔

صدر ایران نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کہی کہ تہران کی فوجی طاقت کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں بلکہ امن و سلامتی کی ضامن ہے اور خطے کے ممالک ہماری فوجی طاقت اور توانائی پر مکمل بھروسہ کرسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button