
ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات واضح: "پڑوسی ہمارے لیے سب سے اہم” :عراقچی
شیعہ نیوز: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ "پڑوسی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں”۔ انہوں نے قطر اور ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کو ثمربخش قرار دیا اور باہمی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے دورہ تہران کے بارے میں لکھا کہ "ہمیں اپنے بھائی امیر تمیم بن حمد آل ثانی اور قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کی میزبانی سے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے”۔
یہ بھی پڑھیں : حجاب پر پابندی : فرانس میں مسلم خواتین کے خواب ٹوٹ گئے
وزیر خارجہ نے بتایا کہ امیر قطر کے اس دورے میں باہمی تعلقات اور علاقائی مسائل پر تفصیلی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ "پڑوسی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات ایرانی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں”۔
یاد رہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی بدھ، 19 فروری کو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر آئے تھے۔ انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور شام کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی۔
قطر اورایران کے درمیان اس اہم ملاقات کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔