
ایران کا جوہری پروگرام، عمان کی علاقائی کنسورشیم کی تجویز
شیعہ نیوز: امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ عمان نے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں علاقائی کنسورشیم قائم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ عمان نے ایران کے جوہری مسئلے کے حل کے لیے ایک علاقائی یورینیم افزودگی کنسورشیم کے قیام کی تجویز دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ویب سائٹ اکسیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ عمان نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی میں ایک علاقائی کنسورشیم کے قیام کی تجویز دی ہے تاکہ یورینیم کی افزودگی کا عمل انجام دیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں : سکردو: ایم ڈبلیو ایم کی تکریم شہداء کانفرنس شروع، اہم شخصیات شریک
ایک اور باخبر ذریعے نے اکسیوس کو بتایا کہ واشنگٹن نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے تاہم یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ مشترکہ کنسورشیم ایران کے بجائے کسی اور ملک میں قائم کیا جائے۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ہفتے کی شام ایک بیان میں کہا کہ صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف نے ایران کو جوہری پروگرام کے حوالے سے ایک تفصیلی اور قابل قبول تجویز پیش کی ہے اور یہ ایران کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اسے قبول کرے۔
دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بعض باخبر حکام کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کو جو دستاویز پیش کی گئی ہے، وہ کسی جامع معاہدے کا مسودہ نہیں بلکہ چند مختصر نکات پر مشتمل ہے۔
ان ذرائع کے مطابق اس دستاویز میں توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون اور ایک علاقائی جوہری توانائی کنسورشیم کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جو ایک مشترکہ حل کا حصہ ہوسکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ عمان کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی طرف سے پیش کردہ تجاویز تہران کو پہنچائی ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عمان کے توسط سے ملنے والی امریکی تجاویز کا ایران کی اصولی پالیسی، قومی مفادات اور عوام کے حقوق کی روشنی میں مناسب جواب دیا جائے گا۔