عراق اور سعودی عرب کا غزہ میں جنگ بندی کیلئے عرب دنیا کے مشترکہ اقدام پر زور
شیعہ نیوز: سعودی عرب کے وزیر خارجہ "فیصل بن فرحان” بغداد پہنچے جہاں انہوں نے عراق کے وزیراعظم "محمد شیاع السوڈانی” سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی کے لئے عرب دنیا کی جانب سے مشترکہ اقدام اٹھانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے علاقائی صورت حال اور غزہ پر صیہونی جارحیت کے نتائج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ عالمی و عرب برادری مشترکہ باہمی کوششوں سے غزہ جنگ رکوانے کے لئے کوششیں کریں۔ محمد شیاع السوڈانی اور سعودی وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ 10 مہینوں سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں صیہونی فورسز اور استقامت کاروں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ دوسری جانب فیصل بن فرحان کا یہ دورہ عراق اس وقت عمل میں آیا جب انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ "جوزپ بورل” سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے اور فلسطین تنازعے کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔