عراق کا 600 داعشی بچوں کو ان کے ملکوں میں واپس بھیجنے کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے عراقی وزارت خارجہ دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے داعش کے پانچ سو اٹھانوے بچوں کوان کے ملکوں میں بھیج رہی ہے۔
عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے کہا ہے کہ داعش کے یہ بچے ترکی ، روس ، تاجیکستان ، آذربائیجان ، جرمنی ، فرانس ، سوئیڈن ، جارجیا ، بیلاروس ، یوکرین ، الجزائر ، ازبکستان اور قزاقستان سے تعلق رکھنے والے داعشی عناصر کے ہیں۔
عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے سبھی ملکوں کے سفارت خانوں اور متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ عراق سے ہم آہنگی کرکے اپنے اپنے ملکوں کے بچوں کو قانونی کارروائیاں مکمل کرکے بغداد سے اپنی تحویل میں لیں۔
بغداد حکومت نے رواں سال کے جولائی مہینے میں اعلان کیا تھا کہ وہ بیرون ملک اپنے نمائندہ دفاتر کے ذریعے ان سبھی ملکوں سے جن کے یہاں کے داعشی عناصر عراق میں سرگرم تھے یہ درخواست کی تھی کہ وہ عراقی حکام سے ہم آہنگی کرکے داعش میں شامل اپنے شہریوں کو واپس لے جائیں۔
عراقی فوج نے نومبر دوہزار سترہ میں ایران کی فوجی مشاورت کی بدولت عراق سے داعش کا مکمل صفایا کردیا تھا اور داعش کے زیرقبضہ سبھی علاقوں کو آزاد کرالیا تھا۔