
عراق: کرکوک میں امریکی فوجی اڈے پر تازہ راکٹ حملہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شمالی عراق میں صوبہ کرکوک میں قائم ’’کی وان‘‘ نامی ایک فوجی اڈے پر ’’کاتیوشا‘‘ راکٹ سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس فوجی اڈے پرامریکی فوج بھی تعینات ہے۔ جن میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ذرائع نے بتایا کہ ’’ کی وان‘‘ فوجی اڈے پر جہاں راکٹ گرا ہے عراق کی فیڈرل پولیس کے بریگیڈ چھ کا ہیڈ کواٹر بھی موجود ہے جب کہ اسپیشل فورس کے بریگیڈ 16 اور کرکوک میں انسداد دہشت گرد فورس کا بھی ہیڈ کواٹر موجود ہے۔
عراقی ذرائع نے خبر دی ہے کہ جس فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے وہ امریکی فوج کے زیر کنٹرول ہے جب کہ عراق اور امریکی فورسز کی جانب سے بھی راکٹ حملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
عراق فورسز نے بتایا کہ راکٹ حملے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب کیے گئے جس کے فوری بعد امریکی فضائیہ کے طیاروں نے علاقے میں پروازیں شروع کردیں۔
خیال رہے کہ 27 دسمبر 2019ء کو عراق میں قائم ’’K1‘‘امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے راکٹ حملے میں ایک امریکی ٹھیکیدار ہلاک ہوگیا تھا۔ امریکہ نے اس حملے کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا تھا۔