
عراق کے التاجی فوجی اڈے کے داخلی راستے پر راکٹ حملہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی ذرائع ابلاغ نے التاجی کے فوجی بیس پر راکٹ حملوں کی خبریں جاری کی ہیں جسے امریکی فوجی بارہا استعمال کرتے رہے ہیں۔
خـبر رساں ایجنسیوں کے مطابق منگل کی شب دارالحکومت بغداد کے شمال کی جانب واقع التاجی کے فوجی اڈے کے داخلی راستے پر دو راکٹ آکر لگے ہیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
گزشتہ جمعرات کو شمالی بغداد سے ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع البلد کے فوجی اڈے پر بھی راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا۔ عراق میں موجود امریکی فوجی حالیہ برسوں کے دوران بارہا مذکورہ فوجی اڈوں کو استعمال کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ داعشی دہشت گردوں کے ایک گروپ نے عراقی دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں پر راکٹ برسائے ہیں جس کے نتیجے میں کم سے کم سات عراقی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
عراق میں داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے کے باوجود اس گروہ کے باقی ماندہ دہشت گرد عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور گاہے بگاہے اپنے حفیہ ٹھکانوں سے نکل کر عراقی شہریوں اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
امریکہ اور اس کے مغربی اور عرب اتحادیوں کی مالی اور فوجی حمایت کے نتیجے میں سر اُٹھانے والے دہشت گرد گروہ داعش نے سن دوہزار چودہ میں شمالی اور مغربی عراق کے وسیع و عریض علاقے پر قبضہ اور عام شہریوں کے خلاف لاتعداد گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکا فورس نے ایران کی فوجی مشاورت کے ذریعے سترہ نومبر دوہزار سترہ کو صوبہ الانبار میں قائم داعش کے آخری ٹھکانے رواہ کو آزاد کراکے عملی طور پر داعش کی نام نہاد خلافت کا خاتمہ کردیا تھا۔