عراق, دسیوں لاکھ عراقیوں کا اربعین مارچ اپنے عروج پر
شیعہ نیوز: عراق میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب و انصار کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ جاری ہے اور اس موقع پر حکومت عراق نے زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں۔
عراقی میڈیا کے مطابق سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کے علاوہ عراق میں موجود ہزاروں غیر ملکی بھی اربعین مارچ میں شریک ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کے لئے عراق میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم اس سال بھی عراقی عوام اور وہاں موجود غیر ملکی شہری برسہا برس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کے پیش نظر طبی اصولوں کی پابندی کے ساتھ بصرہ، ناصریہ اور سماوہ سمیت مختلف علاقوں سے کربلا کی جانب پیدل مارچ میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے شمالی بغداد میں زائرینِ حسینی کے خلاف دہشت گردی کے ایک منصوبے کو ناکام بنانے کی خبر دیتے ہوئے داعش کے 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
20 صفر 1442 ہجری قمری مطابق 8 اکتوبر 2020 بروز جمعرات حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے اور اس موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ ملکی اورغیر ملکی زائرین کربلا پہنچتے ہیں۔