
عراق میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق میں مظاہرین نے مقدس شہر نجف اشرف اور کربلائے معلی کی اہم شاہراہوں کو بند کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عراقی ذرائع نے خبر دی ہے کہ سینکڑوں مظاہرین نے نجف اشرف اور کربلائے معلی کو ملانے والی شاہراہ کو بند کردیا ہے۔
عراق میں معاشی بدحالی، سیاستدانوں کی مالی بے ضابطگیوں اور ناقص سہولیات کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے اور دارالحکومت بغداد کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
السومریہ نیوز نے خبر دی ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری حکومتی اقدامات کے خلاف مظاہرین نے اہم پلوں اور شاہراہوں پر دھرنا دیا ہوا ہے۔
نجف اور کربلا میں اندرون شہر جانے والی شاہراہوں پر ٹائرجلاکر ہرقسم کی ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی ہیں جنہوں نے گزشتہ سال ہی اقتدار سنبھالا ہے، اس سے قبل وہ نائب صدر، وزیر تیل اور وزیر خزانہ رہے ہیں۔
دوسری طرف عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے کہا ہے کہ عراق کی موجودہ کابینہ کے آدھے سے زائد وزراء کو تبدیل کردیا جائےگا۔
عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ عراق کے وزیر اعظم عنقریب موجودہ کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائیں گے اور اس تبدیلی میں کابینہ کے نصف سے زائد ارکان کو تبدیل کرنے کا امکان ہے ۔