عراق پر امریکی حملےکی حمایت پر جوبائیڈن کا اظہار افسوس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ کے سابق نائب صدر نے جنگ عراق کی حمایت کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے اس وقت کے صدر نے انھیں دھوکہ دیا ہے۔
دو ہزار بیس کے صدارتی انتخابات کے ایک نامزد امیدوار اور سابق سینیٹر جوبائیڈن پر اب بھی عراق پر حملے کی قرارداد کی حمایت کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے اور انھوں نے بارہا اپنے اس اقدام کی توجیہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ان سے غلطی یہ ہوئی ہے کہ انھوں نے اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی باتوں پر یقین کیا۔
2002 ء میں عراق پر حملے کی قرارداد کی حمایت کرنے والوں میں ڈیموکریٹ پارٹی کے انتیس سینیٹروں میں جوبائیڈن بھی شامل رہے ہیں۔
قرارداد کے ایک سال بعد دو ہزار تین میں مہلک ہتھیاروں کی موجودگی کے جھوٹے بہانے سے عراق پر کئے جانے والے حملے میں لاکھوں افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے تھے جس کے منفی اثرات کا آج بھی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔