آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت علاقے کی اقوام کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے: عراقی صدر
شیعہ نیوز:عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے ہفتے کی شام تہران میں ایران کے نگراں صدر محمد مخبر سے ملاقات کے دوران شہید رئیسی کی جانب سے عراقی قوم کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے نہ صرف ایرانی قوم بلکہ عراقی قوم اور خطے کی تمام اقوام کو بہت بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
عراقی صدر عبداللطیف رشید نے کہا کہ عراق کی حکومت اور قوم اس دردناک سانحے کے موقع پر ایران کی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑی ہےانھوں نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات اور باہمی تعاون کو جاری رکھنے اور اس میں توسیع لانے کے لئے پرعزم ہے۔ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے بھی اس موقع پر عراقی صدر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کی جانب سے اظہار ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عراقی حکومت اور قوم کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جس حکمت عملی پر شہید رئیسی عمل پیرا تھے بلاشبہ وہ اب کے بعد بھی پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ عبداللطیف رشید کے ہمراہ عراق کے سابق صدور اور وزرائے اعظم نیز عراق کی سیاسی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا وفد شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھ شہید ہونے والوں کو تعزیت پیش کرنے کے مقصد سے ایران آیا ہوا ہے۔