عراق نے ایندھن کے ساتھ پہلا تیل بردار بحری جہاز غزہ کے لئے روانہ کیا
شیعہ نیوز: غزہ کے لئے ایندھن لے کر عراق کا پہلا تیل بردار بحری جہاز بصرہ کی خور الزبیر بندرگاہ سے سوئز چينل کی سمت روانہ ہو گيا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق عراقی انسانی حقوق کے امور میں عراقی وزیر اعظم کے مشیر زیدان خلف نے اس موقع پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کہا کہ اس تیل بردار بحری جہاز پر ایک کروڑ لیٹر ڈیزل ہے جس کی پہلی منزل سوئز چینل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی یہ کھیپ غزہ کے اسپتالوں کے لئے ہے جو عراقی ہلال احمر کی طرف سے مصر کی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی اتحاد سے ہم ڈرتے نہیں، یمن میں وسیع مظاہرے
انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی اس کھیپ کی ترسیل کے لئے مصری حکام اور مصر و بغداد میں فلسطین کے سفارت خانہ سے رابطہ کیا اور اس کے لئے ضروری تیاری مکمل کر لی گئي ہيں۔
عراق نے اس سے قبل بھی مصر کے العریش ایئرپورٹ کے راستے غزہ کے عوام کے لئے امدادی کھیپ بھیجی تھی۔
واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت میں اب تک 19 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہيں جن میں سے بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے ۔
45 دنوں تک جنگ جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہوئي جس کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔
7 دنوں تک جاری رہنے کے بعد عبوری جنگ بندی ہو گئي اور پہلی دسمبر سے صیہونی حکومت نے غزہ پر پھر سے حملے شروع کر دیئے جو اب تک جاری ہیں اور بڑے پیمانے پر عام شہری شہید ہو رہے ہيں۔