عراقی وفد کی ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے عراقی وفد نے تہران میں ملاقات کی۔ وفد میں عراق کے دانشور، میڈیا کی شخصیات، پروفیسرز اور تجزیہ نگار شامل تھے۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس ملاقات میں ایران اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات اور ان میں توسیع کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ان روابط کو دونوں ممالک، عوام اور خطے کے مفادات کے لئے مثبت قدم شمار کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس امر کی جانب زور دیا کہ ایران اور عراق کے سرکاری و عوامی تعلقات، مشترکہ سیاسی اہداف کے علاوہ دینی، تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے مثالی ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط و مثالی بنانے کے لئے دونوں جانب سے مختلف سطح پر مشاورت اور کوششیں جاری ہیں۔
اس ملاقات میں موجود عراقی مہمانوں نے بھی مختلف مسائل بالخصوص ایران اور عراق کے درمیان تعلقات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ملاقات کے آخر میں عراقی مہمانوں کی جانب سے سوالات کا سیشن بھی ہوا۔