مشرق وسطی

عراقی پارلیمنٹ نے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا بل منظور کردیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی پارلیمنٹ نے اتوار کی شام، امریکہ سمیت تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا ء کا بل بھاری اکثریت سے پاس کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو قتل کرنے کے لیے عراقی سرزمین کے استعمال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے، امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔

عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے شروع ہوا۔

عراق کے کیرٹیکر وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلاء کے حق میں ووٹ دیں۔ عراق کی سرزمین سے امریکی فوج کے اخراج اور انخلا کی قرارداد کو منظور کرلیا گیا ہے ۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ علاقائی سطح پر ہم امریکی پالیسیوں کے خلاف ہیں کیونکہ امریکہ کی پالیسیاں علاقائی ممالک کے مفادات کے خلاف ہیں۔

عادل عبدالمہدی نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی آشکارا خلاف ورزی کررہا ہے۔

انہوں نے عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کو ملک کی سیکورٹی سسٹم کا حصہ قرار دیتے ہوئے، اس فورس کے اہداف پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے تعاون کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران ایران نے ہمارے ملک میں داعش کے خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کیا ہے اور ہمارے عوام اور سیکورٹی اداروں کی بھرپور مدد کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button