
عراقی صدر کا عوام کے اصلاحات کے مطالبے کی حمایت کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کے صدر برہم صالح نے ٹی وی پر قوم سے خطاب میں عوام کے اصلاحات کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ درپیش مشکلات و مسائل کو قانون کے دائرے میں ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نےاپنے خطاب میں مظاہرین کے خلاف تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری طرح عوام کے ساتھ ہیں۔
عراقی صدر نے عوام کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ اور سیکورٹی اہلکار ایک ہیں اور ایک دوسرے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ امن و امان کی برقراری میں سیکورٹی دستوں کی حمایت ہم سب کا فریضہ ہے ۔
برہم صالح نے کہا کہ ایوان صدر نے انتخابات کے نئے قانون کا جائزہ شروع کردیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ نیا قانون فرقوں کی بنیاد پر کوٹہ سسٹم سے پاک ہوگا۔
عراقی صدر نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ نئے قانون انتخابات میں موجودہ انتخاباتی نظام کی خرابیاں اور نقائص نہ ہوں ۔ برہم صالح نے کہا کہ انتخابات کے نئے قانون کا بل آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کردیا جائے گا۔
عراق کے صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ قبل از وقت انتخابات کے حق میں ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ عادل عبدالمہدی نے بھی وزارت عظمی کے عہدے سے استعفیٰ دے کر اس کی موافقت کردی ہے اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ ان کے جانشین کا تعین کریں۔