عراقی شہر کرکوک میں داعش کا خطرناک سرغنہ گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کی سیکورٹی فورسز نے ملک کے شمالی علاقے کرکوک میں سرگرم داعشی ٹولے کے ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ عراقی فورسز نے گھات لگا کر داعش کے خونخوار سرغنہ کو کرکوک شہر کے شمال مشرقی علاقے سے دبوچ لیا ہے۔
عراق میں باضابطہ طور پر داعش کی نابودی کے باجود ملک میں اب بھی اس ٹولے کے کچھ دہشت گرد عناصر موجود ہیں جو وقتا فوقتا دہشت گردانہ اقدامات کرتے رہتے ہیں۔
دہشت گرد گروہ داعش نے مئی دوہزار چودہ میں امریکہ اور اس کے مغربی اور عرب اتحادی ملکوں منجملہ سعودی عرب کی حمایت سے عراق پر حملہ کرکے عراق کے شمال اور مغرب کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا اور عام شہریوں کا انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل عام اور وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔
داعش سے مقابلے کے لئے عراق نے ایران سے مدد طلب کی اور نتیجتاً عراقی فورسز نے ایران کی مدد سے داعش کو شکست دی اور سترہ نومبر دوہزار سترہ کو صوبہ الانبار کے راوا شہر کو آزاد کرا کے ملک میں باضابطہ طور پر داعش کے خاتمہ کا اعلان کر دیا گیا۔
سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی نے داعش کی نابودی میں اہم ترین کردار کیا جس پرآیت اللہ خامنہ ای نے اکیس نومبر دوہزار سترہ کو ایک خط تحریر کر کے ان کی قدردانی کرتے ہوئے داعش کے خاتمے کو شہید قاسم سلیمانی اور عراق و شام میں ان کے دیگر ساتھیوں کی جانفشانیوں کا نتیجہ قرار دیا تھا۔