عراقی وزیراعظم کا پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے سپاہ قدس کے کمانڈر اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر کو شہید کرنے کے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پر بغداد میں امریکی حملہ عراقی خود مختاری پر حملہ ہے۔
کارگزار عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس داعشی دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی عظیم علامت شمار ہوتے تھے۔
عراق کے وزیراعظم نے امریکہ کی اس جارحیت کو اپنے ملک کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم کا قتل قابل مذمت ہے اور یہ حملہ عراق، خطےاور دنیا کو ایک اور جنگ کی طرف لے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم پر حملہ عراق میں امریکی افواج کی موجودگی کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
بیان کے مطابق اس صورتحال پر غور کے لیے عراقی پارلیمان کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے تاکہ ملک کی سالمیت، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات اور قانون سازی کی جا سکے۔