
اس وقت ملک بھر میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جعفریہ الائنس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے رہنما علامہ باقر حسین زیدی نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی عدم توازن کے شدید بحران سے دوچار ہے، عام شہری بھوک و افلاس کے کرب سے گزر رہا ہے۔
نوجوانوں میں بے روزگاری کے سبب ذہنی تناؤ اور مایوسی پھیل رہی ہے، جس کے سبب کرائم کی شدت میں روز با روز اضافہ ہوتا جارہا ہے، شہر بھر کی تفریح گاہیں ویران ہیں، بچے گھروں میں محصور ہیں، جس کے سبب بچوں میں بھی نفسیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہارجعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ باقر حسین زیدی نے میڈیا کوجاری بیان میں کیا۔
جعفریہ الائنس کے رہنماعلامہ باقر حسین زیدی کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک بھر میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت وقت عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے کچھ بوجھ خود بھی اُٹھائے۔
نیا پاکستان بنانا ہے تو حکومت عوام کو معیشت میں شریک کار بنائے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے، مہنگائی یہ نہیں کہ اشیائے خوردنوش کی قیمتیں زیادہ ہیں بلکہ مہنگائی یہ ہے کہ عوام میں قوت خرید نہیں ہے۔