اسلام تا قیامت نگہبان رسالت (ص) حضرت ابوطالبؑ کے احسانات کا مقروض ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محسن اسلام، محافظ رسالتؐ اور امیر المومنین حضرت علیؑ کے والد گرامی حضرت ابو طالب علیہ السلام کے یوم وفات کے موقع پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اسلام تاقیامت نگہبان رسالت (ص) حضرت ابو طالب علیہ السلام کے احسانات کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم کے اولین مددگار و مربی، نکاح خوانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مدافع رسالت، کل ایمان حضرت علی علیہ السلام کے پدر بزرگوار حضرت ابو طالب علیہ السلام نے قبل از اسلام اور بعد از اعلان رسالت ؐ ہر موقع پر مشرکین و کفار کے مقابل رسول اکرمؐ کی مضبوط ڈھال بنے رہے، آپ نے ہمیشہ اسلام کی ترویج و اشاعت میں رسول اکرم ؐ کے شانہ بشانہ خدمات انجام دیں۔ شعب ِابی طالبؑ میں ساڑھے تین برس جاری محاصرے میں حضرت ابو طالبؑ نے نا صرف نبی کریم ؐ کی نصرت میں فاقے کرتے کرتے اپنی جان، جان آفرینش کی نذر کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اہل نظر کہتے ہیں کہ ساڑھے تین سال کی شعب ابی طالب میں جناب ابو طالبؑ کے خاندان کی استقامت ہی تھی، جس کا مظاہرہ امام حسینؑ اور انکے اہلخانہ و اصحاب نے کربلا میں کیا۔ جس کو آج عالم اسلام انسانیت کی معراج کے طور ہر سال روز عاشورہ مناتی ہے۔ حضرت ابو طالبؑ اور جناب خدیجۃ الکبریٰؑ تاریخ اسلام کی وہ دو واحد منفرد شخصیات ہیں، جنکی رحلت پر رسول کریمؐ نے عام الحزن کا اعلان کیا تھا۔ افسوس کا مقام ہے کہ آج بھی بعض تکفیری و ناصبی عناصر حضرت ابو طالبؑ کے ایمان پر شاکی اور ان کی شخصیت کشی میں مصروف نظر آتے ہیں، ان احسان فراموشوں کو اگر حضرت ابو طالبؑ کی قربانیوں کا ادراک ہوتا تو کبھی اس توہین کا ارتکاب نہ کرتے۔