اہم پاکستانی خبریں

یہودیوں کی دلالی کرنیوالے منافقین سے اسلام کو محفوظ بنانا ہوگا

سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھ لاکھوں فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، عرب امارات کا یہودیوں سے معاہدہ فلسطینیوں کے پیٹھ میں خنجر گھوپنے کے مترادف ہے، اسلام میں بادشاہت کی اجازت نہیں بادشاہت کو بچانے والے ہی یہودیوں کے اعلیٰ کار بن رہے ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنا مسلمانوں کے خون اور اسلام سے غداری کے مترادف ہے، عرب امارات فوری طور پر فلسطین سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کریں، عرب امارات کے اسرائیل کے معاہدے کی شدید مذمت کرتے ہیں، او آئی سی فلسطین اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند اور انہیں حق خود ارادیت دلانے کیلئے کام نہیں کرتا تو اس ادارے کو ختم کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی کارکردگی صفر ہے، تنظیم مسلمانوں کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کرا سکی، شام، بیروت، برما، فلسطین، کشمیر، بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف ایک اجلاس تک نہیں بلایا گیا اور نہ ہی مسلمانوں کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ادارے سے مسلم ممالک محفوظ نہیں ہو سکتے اس ادارے کو ختم ہو جانا چاہیے، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم و بربریت اور جبر کی انتہا ہو چکی، معصوم بچوں خواتین اور نوجوانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، مسلمان بیٹیوں کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں، او آئی سے خواب غفلت کے مزے میں سب اچھا ہے کے راگ الاپ رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہودیوں کی دلالی کرنیوالے منافقین سے اسلام کو محفوظ بنانا ہوگا، فلسطین سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کیلئے مسلم اُمہ کر آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل سے معاہدہ کریں تو ان حکمرانوں کا عالم اسلام کے مسلمان گھیراؤ کرینگے، پاکستان عرب امارات سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کیلئے دو ٹوک فیصلہ کرے، عرب ریاستوں کے شاہ یہودیوں کی دلالی چھوڑ کر مسلمانوں کی نمائندگی پر توجہ دیں۔ شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ او آئی سی اور اس کے سربراہ اپنی ہٹ دھرمی کو چھوڑ کر مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر فوری اجلاس طلب کریں بصورت دیگر پاکستان کے عوام سعودی اور یہودی خاندان کے گٹھ جوڑ اسلام مخالف سازش سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عرب ریاستوں کے بادشاہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے مخالف اتحاد میں حصہ لیا ہے، پاکستان کے عوام غیرتمند قوم ہیں، تیل اور ریال کی بھیک سے ہمارے ضمیر نہیں خریدے جا سکتے، عربوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا اسرائیل عرب خاندان کے اتحاد کو تسلیم نہیں کر سکتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button