
اسلام آباد، شہداء پشاور کی یاد میں مجلس عزا کا اہتمام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ پاکستان کے زیراہتمام مسجد امیر المومنین (ع) اسلام آباد میں سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مجلس تکریم شہداء منعقد کی گئی۔
مجلس سے پہلے شہداء پشاور کی بلندی درجات کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن خوانی میں علماء کرام کی بڑی تعداد، مومنین اسلام آباد اور جامعہ مدینۃ القرآن کے حفاظ و قراء نے خصوصی شرکت کی۔
قرآن خوانی کے بعد مجلس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا، جس کی سعادت قاری آفتاب نے حاصل کی۔ تلاوت کلام مجید کے بعد جامعہ مدینۃ القرآن کے طلاب نے خوبصورت و دلنشین انداز میں تواشیح پیش کی۔
تواشیح کے بعد جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبہ ثقافت و تربیت کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید خاور عباس تقوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امیر المومنین علی (ع) کے فرامین کی روشنی میں شہادت کی عظمت کو بیان کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں جو آزادی کیلئے اٹھ کھڑا ہوتا ہے اُسے غلام نہیں رکھا جاسکتا
مجلس تکریم و تجلیل شہداء سے خطاب کرتے ہوئے مرکز افکار اسلامی کے سرپرست معروف عالم مولانا مقبول حسین علوی نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
علماء کرام کا کہنا تھا کہ شہداء کا پاکیزہ خون اقوام کے لیے سعادت و پاکیزہ زندگی کا موجب ہے۔ زندہ و بیدار قومیں اپنے محسنین کو یاد رکھتی ہیں۔ اس لیے ہمیں شہداء کی یاد منانی چاہیئے، ان کے مشن کو زندہ رکھنا چاہیئے اور شہداء کے پسماندگان کا خیال رکھنا ہماری اخلاقی و انسانی ذمہ داری ہے۔
مولانا فرحت حسین نے جامعۃ الکوثر، جامعۃ الرضا، جامعہ فاطمیہ مجلس وحدت مسلمین، جامعۃ القرآن اور مختلف اداروں سے وفود اور انفرادی طور پر تشریف لانے والے علماء و مومنین کا شکریہ ادا کیا۔ مجلس کے اختتام پر شرکاء مجلس دستر خوان اہل بیت علیہم السلام سے فیضیاب ہوئے۔