اسلامک ملٹری الائنس سعودی بادشاہت کو بچانے کیلئے بنایا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مرکزی جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلیٰ مولانا محمد اجمل قادری کا کہنا ہے کہ اسلامک ملٹری الائنس سعودی بادشاہت کو بچانے کیلئے بنایا گیا اسکا اسلام یا اسلامی ممالک سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اسلامک ملٹری الائنس کی خاموشی کیوں حیران کن ہونی چاہیئے؟ اس ملٹری الائنس کے مقاصد میں کہیں نہیں لکھا ہوا تھا کہ یہ کشمیر کی بات کرے گا، جب اس کے مقاصد میں کشمیر کی حمایت تھی ہی نہیں تو وہ کس طرح سے کشمیری مسلمانوں کی بات کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کا صرف ایک ہی مقصد تھا اور وہ سعودی بادشاہت کا تحفظ تھا۔ یہ ملٹری الائنس سعودی بادشاہت اور نظام کو بچانے کے لیے بنایا گیا اس اتحاد کا اسلام یا اسلامی ممالک سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کبھی یہ اتحاد آپ کو مسلمانوں کی خاطر کھڑا دکھائی دے گا۔
مولانا محمد اجمل قادری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عرب ممالک کی پالیسی بہت واضح ہے۔ عرب ممالک اپنے کاروبار کو کشمیر پر ترجیح دینگے، اس وقت تمام عرب ممالک کے بھارت کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تجارت کی بنیاد پر ہیں اور عرب ممالک ہمیشہ بھارت کا ساتھ دیں گے، کیونکہ ان کے مفادات بھارت کے ساتھ وابستہ ہیں۔