
اسلامی اقوام اور حکومتیں غزہ کے مظلوموں کے لئے آواز اٹھائیں، صدر پزشکیان
شیعہ نیوز: ایران اور ملائیشیا کے سربراہان مملکت نے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران ایک دوسرے کو عید الاضحی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلم ممالک کی یکجہتی اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آج ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران عید الاضحی کی مناسبت سے انہیں مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اس عظیم تہوار کے موقع پر اسلامی اقوام اور حکومتوں کو چاہیے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کی فریاد رسی کریں جو آج تاریخ کے سب سے سنگین اور ظالمانہ جرائم کا نشانہ بن رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو کے وفد کی کارکردگی کی دنیا معترف
پزشکیان نے کہا کہ مسلم ممالک بین الاقوامی فورمز پر متحد ہو کر انسانی حقوق کے علمبرداروں کے جھوٹے دعووں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا سے ان جرائم کی روک تھام کا مطالبہ کریں۔
انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کے سلسلے میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے بلند وژن اور قابل قدر موقف کو سراہا۔
اس ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ایران کی حکومت اور عوام اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران اور ملائشیا سمیت ملت اسلامیہ کے لیے امن، استحکام اور ترقی کی دعا کی۔
انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع اور صیہونی جرائم کی مذمت میں رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایران کے صدر کے پرعزم اور باوقار موقف کی تعریف کی۔
انور ابراہیم نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ مل کر صیہونی جرائم کو روکنے اور مظلوم فلسطینیوں کو امن و سلامتی کی واپسی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے تاکید کی کہ یہ افسوسناک اور حیران کن ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار غزہ کی مظلوم خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کئے ہوئےہیں اور کسی قسم کے اقدام سے کتراتے نظر آتے ہیں۔