
اسلامی جمہوریہ ایران شریف عیسائیوں کا بھی حقیقی حامی ہے، بشپ انطونیئس حنانیا
شیعہ نیوز: فلسطین کے معروف عیسائی پادری و بشپ انطونیس حنانیا العکاوی نے مسلم و عیسائی سمیت تمام مظلوموں کی حمایت پر مبنی شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اعلی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شریف عیسائیوں کا بھی حقیقی حامی ہے۔ اس حوالے سے رپورٹر کے اس سوال کے جواب میں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے خطے سمیت دنیا بھر میں مزاحمتی محاذ کی حمایت پر استکباری ممالک اور ان کے اتحادیوں کے غیض و غضب کی اصلی وجہ کیا ہے؟ بشپ انطونیئس حنانیا العکاوی نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران تکفیریوں کے مقابلے میں سچے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ شریف عیسائیوں کی بھی حقیقی حمایت کرتا ہے اور ہم نے یہ حمایت شہید حاج قاسم سلیمانی اور سیکرٹری جنرل حزب اللہ سید حسن نصر اللہ کی شخصیت میں دیکھی ہے جبکہ استکباری ممالک کا کسی بھی ایسے منصوبے پر ناراض ہونا بالکل فطری امر ہے کہ جو ان کے مقاصد سے مختلف ہو؛ لہٰذا اگر مزاحمت کا ہدف انہی استکباری ممالک کے بٹھائے گئے "بدمعاشوں” کے خلاف "جنگ” ہو کہ جو ہمارے معاشروں میں بکھرے پڑے ہیں اور ہماری اقوام و مقدسات کو تباہ کر رہے ہیں، تو پھر وہ کتنے غضبناک ہوں گے؟!
اپنی گفتگو کے آخر میں بشپ انطونیئس حنانیا العکاوی کا کہنا تھا کہ ان تمام باتوں کے باوجود بھی فلسطینی مزاحمتی گروہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ غاصب صیہونی دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کا واحد ہدف پورے فلسطین کو آزاد کروانا اور مجرم صیہونی رژیم کا خاتمہ ہے۔