
کورونا سے جاں بحق افراد کا غسل و کفن، آئی ایس او کا ملک بھر میں ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے ترجمان جلال حیدر نےکہا ہے کہ آئی ایس او نے وباء کے باعث جاںبحق ہونیوالے افراد کے غسل و کفن کے اہتمام کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جلال حیدر نےکہا ہے کہ بدقسمتی سے دنیا سمیت پاکستان میں وباء کے باعث جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وباء سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تجہیز و تدفین کے دوران انسانی اقدار کی پامالی کے افسوسناک واقعات کے پیش آئے، یہ ایک حساس معاملہ ہے، جس کا کسی صورت انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کی بعد از مرگ، شرعی و آبرومند طریقہ سے تجہیز و تکفین لازم و ملزوم ہے۔
جلال حیدر نے کہا کہ اسی مسئلہ کے پیش نظر مرکزی صدر عارف حسین الجانی کی سربراہی اجلاس میں یہ طے پایا کہ کراچی، لاہور، ملتان اور گلگت سمیت اہم شہروں میں کورونا وائرس سے شہید ہونیوالے افراد کے غسل و کفن کا اہتمام کیا جائے گا، جس کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں امامیہ اسکاوٹس کی انسانیت کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، خدمت مہم کے تحت سفید پوش افراد کی جذبہ انسانیت کے تحت پُرخلوص خدمت اور گلی کوچوں میں بیکٹریا کُش سپرے جیسی کاوشوں میں دس ہزار سے سکاوٹس نے حصہ لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کورونا کی وبا کے خاتمےتک امامیہ سکاوٹس شہروں میں قرنطینیہ سنٹرز میں خدمات، جراثیم کُش سپرے اور وباء کے باعث شہید ہونیوالے افراد کے غسل و کفن کا اہتمام کیساتھ ساتھ دعا و مناجات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کی ترغیب کا عمل بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثر کثیر تعداد جبکہ ملک میں ایک ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوئے ہیں، ان شاء اللہ دنیا بھر کے انسان اس وباء سے جلد نجات پا لیں گے۔