آئی ایس او سیلاب زدگان کی امداد کیلئے میدان میں آگئی، قوم سے تعاون کی اپیل
شیعہ نیوز:امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آگے آئیں۔ زاہد مہدی نے آئی ایس او پاکستان کے شعبہ سکاوٹنگ کو بھی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں جس کے بعد ملک بھر سے سکاوٹس سیلاب متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ "ماوا” کی جانب سے بھی ڈاکٹرز کی ایک ٹیم ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ زاہد مہدی کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں سیلاب آیا ہے، جس نے سیکڑوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے، سیلاب نے بہت سے لوگوں کا مالی نقصان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے ان متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے ملک گیر سطح پر امداد جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں، جہاں شہری اپنے عطیات، رقوم، پانی کی بوتلیں، راشن کے پیکس، کپڑے، خشک خوراک سمیت دیگر اشیاء جمع کروا سکتے ہیں۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ امداد دینے کیلئے موبائل فون نمبر 0335-6765061 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا فرمان ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی، یہ موقع ہے کہ ہم انسانیت کی خدمت کیلئے جس انداز میں بھی ہو سکتا ہے، کردار ادا کریں