ڈاکٹر شکیل اوج کا قتل تعلیم اور طلبہ کا بہت بڑا نقصان ہے، ڈاکٹر امجد
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر محمد امجد نے جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامیات کے ڈین ڈاکٹر محمد شکیل اوج کے قتل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اس قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ برادر ڈاکٹر امجد نے کہا کہ پاکستان کی بڑی جامعہ کے مایہ ناز پروفیسر کا قتل علمی اور تدریسی عمل کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے، اس سے نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ، ملک کی تعلیم اور وقار کا بھی نقصان ہوا ہے۔
ڈاکٹر شکیل اوج اسلامک اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے طلباء اور اساتذہ سمیت خانہ فرہنگ ایران میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ گاڑی میں موجود افراد میں فقط شکیل اوج ہی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے میں ایک گولی ان کی بیٹی کے ہاتھ پر بھی لگی۔ ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کے خلاف سندھ بھر کی جامعات میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شکیل اوج کو حال ہی میں ہلالِ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
مرکزی سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان مقتول پروفیسر کے خانوادہ سے اظہار ہمدردی کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ انکے قاتلوں کی گرفتاری فوری عمل میں لا کر انکو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔