جوانوں کو چاہیئے کہ وہ خود کو قرآن و اہلبیتؑ سے متمسک کریں، عاطف حسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آئی ایس او تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد (ص) کے مطابق نوجوانوں کی تربیت کر رہی ہے، لہذا جوانوں کو چاہیئے کہ وہ خود کو قرآن و اہلبیتؑ سے متمسک کریں، ان خیالات کا اظہارآئی ایس او ملتان ڈویژنل کے صدر عاطف حسین نےاپنے خطاب میں کیا۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن کے زیراہتمام میڑک اور میٹرک سے نچلی سطح کے طلباء کے لیے تین دن کی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام مہدویہ کمپلیکس پیراں غائب ملتان میں کیا گیا۔ محبین ورکشاپ سے علامہ ساجد اسدی، علامہ قاضی نادر علوی اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر عاطف حسین نے خطاب کیا۔
علامہ ساجد اسدی نے کہا کہ رسول خدا (ص) اور آئمہ طاہرین ؑکی تعلیمات ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ان پر عمل کرکے ہی نوجوان اپنی تربیت کریں۔ سابق ڈویژنل صدر ڈاکٹر موسیٰ کاظم نے کہا کہ آئی ایس او 47 سالہ عرصہ سے تعلیم و تربیت کے عملی میدان میں کردار ادا کر رہی ہے، ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیم پر توجہ دیں، ورکشاپ کے اختتام پر طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔