آئی ایس او کا 6 اکتوبر کو امریکی سفارت خانہ کی جانب طریق القدس ریلی نکالنے کا اعلان
انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ہم مسجد الاقصیٰ میں نماز باجماعت ادا کریں گے اور غاصب صہیونی ریاست دنیا کے سامنے ذلیل و رسوا ہونگے
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے ہنگامی قومی مشاورتی اجلاس ڈویژنل صدر ظفر حیدر کی سربراہی میں المصطفیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکٹری شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ناظر عباس تقوی، سیکٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن جناب صابر ابو مریم، صدر ذاکرین امامیہ پاکستان علامہ نثار احمد قلندری، جنرل سیکرٹری پاک محرم ایسوسی سیشن سرور علی، رہنماء ایس آر سی سردار حسین، امامیہ آرگنائزیشن کے حیدر علی اور مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنماء ہادی شہیدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6 اکتوبر کو ہونے والی "طریق القدس ریلی” نمائش تا امریکی سفارت خانہ بھرپور انداز میں منعقد کی جائے گی اور ساتھ میں اسی کے تسلسل میں آئندہ آنے والے دو اجتماع جمعہ میں بھرپور آگاہی مہم اور عوام کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، اسی کے ساتھ شہر بھر میں مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین نہ شیعہ کا مسئلہ ہے نہ ہی اہلسنت کا بلکہ عالم انسانیت کا مسئلہ ہے، پاکستانی قوم ایک غیور قوم ہے وہ کبھی بھی مظلوم کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انشاءاللہ عظیم الشان طریق الاقصیٰ ریلی کا انعقاد کامیابی کے ساتھ کیا جائے گا۔ صابر ابو مریم کا کینا تھا کہ اس وقت مسئلہ فلسطین ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے کہ جس میں دشمن کو اس کی ناکامی صاف انداز میں نظر آرہی ہے اور وہ فقط اپنی عزت بچانے کی خاطر معصوم انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہا ہے، حزب اللہ اور حماس کے حوصلے بلند ہیں اور جلد یہ لوگ خدا کی مدد سے کامیاب ہونگے۔ علامہ نثار احمد قلندری کا کہنا تھا ہمیں مولا علیؑ کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے ہر ممکن صورتحال میں مظلوم کی حمایت کرنی چاہیئے۔ سرور علی نے مسئلہ فلسطین پر آئی ایس او کی کاوشوں اور محنت کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ نوجوان خدا کے فضل سے ہر ظلم کے خلاف موثر آواز بلند کرتے ہیں اور ہم مسئلہ فلسطین میں انکے ساتھ ہیں۔ سردار حسین کا کہنا تھا کہ طریق القدس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور، مختلف شیعہ تنظیموں کا حکومت سے کرم میں فوری جنگ بندی اور اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ
صدر آئی ایس او کراچی ظفر حیدر کا کہنا تھا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنی گزشتہ روز کی تقریر میں کہا کہ شریعت کا قطعی حکم یہ ہے کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں اور اس کے اصل مالکان کو واپس کرنے کی کوشش اور مدد کرنا ہر ایک پر فرض واجب اور ضروری ہے، ان کے بیان نے ہمارے حوصلوں کو مزید توقیت دی ہے، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ہم مسجد الاقصیٰ میں نماز باجماعت ادا کریں گے اور غاصب صہیونی ریاست دنیا کے سامنے ذلیل و رسوا ہونگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او نے روز اول سے بانی انقلاب امام خمینی (رح) کے فرمان پر آزادی قبلہ اول کے لئے مملک خداداد پاکستان سے ہر ممکن آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں ہے، یہ ہمارا دینی فریضہ ہے ہم اس کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے "طریق القدس ریلی” میں بھرپور شرکت اور حمایت کا اعلان کیا۔