پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

آئی ایس او پاکستان کے پچاسویں کنونشن کا اسکاؤٹ سلامی سے آغاز

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے پچاسویں ’’جہد مسلسل و عزم نو کنونشن‘‘ کا آغاز ہوگیا۔ کنونشن کے پہلے روز بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر اسکاوٹ سلامی کی تقریب ہوئی، جس میں امامیہ اسکاوٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سابق امامیہ چیف اسکاوٹس زاہد مرتضیٰ، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی، امامیہ اسکاوٹنگ کے پہلے چیف اسکاوٹ سید صفدر بخاری اور علامہ مہدی کاظمی نے خطاب کیا۔ فرزند شہید ڈاکٹر دانش نقوی نے امامیہ اسکاوٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجاعت رزمی کے ساتھ ساتھ شجاعت ِعلمی بھی لازم و ملزوم ہے۔ امامیہ اسکاوٹس شجاعتِ اخلاقی و شجاعتِ تعلیمی جیسی خصوصیات اپنا کر معاشرے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ پچاس سال میں آئی ایس او پاکستان نے بے نظیر خدمات انجام دی ہیں، جس پر ملت تشیع پاکستان کے ہر فرد کو فخر ہے۔ جیسا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے فرمایا تھا کہ ہمیں تنظیم کے نام کی نسبت سے تو کہا جاسکتا ہے کہ یہ امامیہ طلبہ تنظیم ہے، مگر اتحاد بین المسلمین کیلئے بھی کاوشیں بے مثال ہیں۔ گذشتہ دو سالوں میں کورونا وبا کے دوران بھی امامیہ اسکاوٹس کی خدمات مثالی ہیں۔

اس موقع پر سابق امامیہ چیف اسکاوٹ سید صفدر بخاری کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کی تشکیل کے 12 سال بعد امامیہ اسکاوٹنگ کے قیام نے تنظیم کو ایک نئی پرواز دی، جو اس شعبہ کا طرہ امتیاز ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران خدا کو پیارے ہونے والوں کے کفن و دفن کے انتظامات میں امامیہ اسکاوٹس نے جس انداز سے خدمات انجام دیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اسکاوٹس یونیفارم پہنتے ہیں تو اپنی ذات کی نفی کرکے یکجا ہوتے ہیں۔ اسکاوٹنگ کامیابی اور جہد مسلسل کا نام ہے۔ امامیہ اسکاوٹس کا ہر قدم لشکرِ امام مہدی (عج) کے ساتھ شامل ہونے کا عہد ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان میں استعمار دشمنی اور مردہ باد امریکہ کا نعرہ امامیہ اسکاوٹس نے متعارف کروایا اور آج ہر پاکستانی مردہ باد امریکہ اور مردہ باد آل سعود کا نعرہ لگاتا ہے۔

امامیہ چیف اسکاوٹ سید غیور نقوی نے اسکاوٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن کے پہلے روز اسکاوٹ سلامی دراصل شہدائے ملت تشیع سے تجدید عہد ہوتا ہے۔ یہ عہد نہ صرف شہداء سے عہد ہے بلکہ یہ عہد امام سے تجدید عہد بھی ہے۔ علامہ مہدی کاظمی نے اسکاوٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو نوجوان طلبہ کو خدائی راستے کی طرف گامزن کرتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان نے سرمایہ دارانہ اور اشتراکی فکر سے لیکر حقیقی اسلام کے راستے پر قائم کیا۔ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ اس راستے پر رہتے ہوئے معاشرے کی ترقی کیلئے اپنا کردار کریں۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی نے امامیہ اسکاوٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و بیرون ملک جتنے بھی فعال افراد نظر آتے ہیں، ان کا تعلق امامیہ طلبہ تنظیم سے ہوتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کا نظام تربیت اس قدر مثالی اور منفرد ہے کہ جو اس نظام تربیت کے تحت پرورش پاتا ہے، وہ معاشرے کی فلاح کیلئے خود کو وقف کر دیتا ہے۔ امامیہ اسکاوٹنگ ایک ایسا شعبہ ہے، جو امام مہدی (عج) کے عالمگیر انقلاب کیلئے کوشاں رہنے کے لئے نیا جوش اور تحرک فراہم کرتا ہے۔ تقریب کے آخر میں مرکزی صدر عارف حسین الجانی ،سابق امامیہ چیف اسکاوٹ صفدر رضا بخاری اور علامہ مہدی کاظمی نے امامیہ اسکاوٹس کے چاک و چوبند دستے کے ہمراہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر گلددستہ پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا کنونشن آئندہ دو روز جاری رہے گا اور آخری روز نئے مرکزی صدر کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔

رپورٹ: توقیر کھرل

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button