آئی ایس او پاکستان کا ہدف اور عزم عظیم ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز:معروف بزرگ عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے پچاسویں کنونشن کی رابطہ مہم میں اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں دشمن کے پروپیگنڈوں کے باوجود تربیت کی سب سے بڑی درسگاہ اور طلباء تنظیم امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ہے۔ آئی ایس او پاکستان کا ہدف اور عزم عظیم ہے، ہدف کے حصول کیلئے طلبہ کا ساتھ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین کو تاکید کی کہ اس عظیم ہدف کے تحت کام کرنے والوں کا والدین کو ساتھ دینا چاہیئے، یہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
اس تربیتی عمل میں اس تنظیم کو علمائے کرام کی سرپرستی حاصل ہے۔ والدین تنظیم کی طرف بچوں کو ضرور راغب کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کا تربیتی نظام مثالی ہے، بلاشبہ تربیت کے بغیر علم کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکنان اپنی تنظیمی اقدار کو ہرگز ترک نہ کریں، انہی اقدار کے پیش نظر جامعات میں آپ کا مقام و مرتبہ پایا جاتا ہے اور دوسرے طلبہ سے نمایاں کرتا ہے۔ کارکنان خطِ رہبری و ولایت کے سائے میں علمائے کرام کے شانہ بشانہ آگے بڑھتے رہیں۔