اسرائیل پر طاری ہے حزب اللہ کے ڈرون کا خوف
شیعہ نیوز:صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب کے سیکورٹی اور میڈیا اداروں نے لبنان کے حزب اللہ کے ڈرون طیاروں کی سرگرمیوں میں اضافے کے خوف سے خفیہ میٹنگیں کی ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے چینل- 13 نے انکشاف کیا ہے کہ کاریش گیس فیلڈ میں لبنان کے حزب اللہ کے ڈرونز کی موجودگی کے بعد تل ابیب کے سیکورٹی حکام نے مزید سرگرمیوں کے اندیشوں کے سائے میں آج ایک خفیہ میٹنگ کی۔
نیوز سائٹ i24-کی رپورٹ کے مطابق، اس صیہونی نیٹ ورک کی رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ تل ابیب یہ ظاہرکرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون نہ صرف صیہونیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ مسئلہ عالمی خطرہ ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے اس ملاقات کو مکمل طور پر خفیہ ملاقات قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ صیہونی حکومت کے وزیر توانائی کارین الحرار کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں ان کے علاوہ تمام سیکورٹی اداروں جیسے موساد اور شاباک ( تل ابیب کی داخلی سلامتی اور انٹیلی جنس آرگنائزیشن)، صیہونی فوج اور میڈیا کے حکام نے شرکت کی ہے۔
عبرانی زبان کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے سکیورٹی حکام نے اس ملاقات میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ڈرونز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں لیکن ساتھ ہی ان رپورٹوں میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کاریش گیس فیلڈ میں لبنان کے مزاحمتی گروہ کے ڈرونز کی موجودگی سے اسرائیل کو واضح پیغامات دیئے گئے ہیں۔