اسرائیل نے غزہ کی امداد میں مزید رکاوٹیں ڈالی ہیں، اقوام متحدہ کا انتباہ
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے مسلسل دشمنانہ اقدامات اور بار بار انخلاء کے احکامات غزہ کی پٹی میں امداد کی ترسیل میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں۔
المیادین نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دجارک نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے مسلسل معاندانہ اقدامات اور بار بار انخلاء کے احکامات غزہ کی پٹی میں امدادی سامان بھیجنے میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کی طرف سے صوبہ دیر البلاح کے کچھ حصوں کے لیے جاری کردہ تازہ ترین انخلاء کے حکم میں صلاح الدین روڈ کے کچھ حصوں کو شامل کیا گیا ہے جو کہ غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کے مشن کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے لیکن امدادی کارکنوں کے لیے اس مرکزی راستے پر جانا تقریباً ناممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلنکن نے قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، صیہونی میڈیا
دجارک نے تاکید کی کہ ساحلی سڑک کوئی مناسب متبادل روٹ نہیں ہے، یہ سڑک فلسطینیوں کی عارضی پناہ گاہوں کے باوجود اب مناسب راستہ نہیں سمجھی جاتی۔ جس کے نتیجے میں کوسٹل روڈ پر قافلوں کی آمدورفت بہت سست روی کا شکار ہے اور پانی کی فراہمی سمیت بنیادی اشیا اور خدمات کی فراہمی میں شدید رکاوٹ ہے۔
اس سلسلے میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے کہا: غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی میں ادویات اور ایندھن لے جانے والے اقوام متحدہ کے قافلے کے داخلے میں خلل ڈالا ہے۔
البرش نے نشاندہی کی کہ اس علاقے میں ایندھن صرف 24 گھنٹے کے لیے کافی ہے جب کہ ایندھن اور دوائیوں کی کمی کے باعث زخمیوں کو بچانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولینسیں اب ایندھن کے بغیر ہیں، جب کہ قابض فوج،زیادہ سے زیادہ پناہ گزینوں کو دانستہ طور پر پناہ گاہوں میں مارنے کی کوشش کر رہی ہے۔
البریش نے خبردار کیا کہ عالمی مداخلت میں کسی بھی قسم کی تاخیر زخمیوں کی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈالے گی۔
انہوں مزید کہا کہ ہم خدا اور اپنے طبی عملے پر بھروسہ کرتے ہیں کہ وہ کھڑے رہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی رجیم نے اقتصادی ناکہ بندی کے ساتھ ہی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین شماریاتی رپورٹ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 40,223 بتائی ہے جب کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 92,857 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔