اسرائیل ناجائز ریاست ہے، عالمی استعمار اس کا پشت پناہ ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست جس کا وجود ناجائز ہے، عالمی استعمار مسلسل اس ناجائز ریاست کی پشت پناہی کئے ہوئے ہے، صیہونیت نے انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کر دیں، اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کی بھی ماننے کو تیار نہیں، اب نئے انداز میں یہ دھوکے باز ریاست بین الاقوامی دنیا باالخصوص مسلم دنیا کو دھوکہ دینا چاہتی ہے، جس نے انبیاء کی مقدس سرزمین سے اس کے اصل ورثاء کو بے دخل کر دیا اور اب ایک نئے انداز میں دنیا کو دھوکہ دینا چاہتا ہے، مگر وہ بین الاقوامی اعتماد کھو چکا، دنیا اس دھوکہ بازی سے خبردار رہے، اسرائیل کے حوالے سے عالمی دہرا معیار عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسرائیلی عہدیداروں کی جانب سے بین الاقوامی ایکسپو میں ان کے بیانات پر اپنے رد عمل میں کیا، جس میں اسرائیلی عہدیداروں نے نئی مساجد کی تعمیر اور حلال فوڈ کے ساتھ معاہدہ ابراہیمی کا تذکرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو اسرائیل میں مدعو کیا۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسرائیل کا وجود مشرق وسطیٰ میں ناجائز اور قابض و ظالم سے زیادہ کچھ نہیں، اب ایک نئے دھوکے اور عیاری کے انداز میں اس کے مصداق کہ ”نیا جال لائے پرانے شکاری“ نام نہاد معاہدہ ابراہیمی کے عنوان سے مسلم ممالک اور باالخصوص مسلم امہ کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں کہ تل ابیب کے اطراف میں مساجد و حلال فوڈ کے انتظامات اور بیت المقدس میں نماز کی سہولیات بارے دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ملتان، جے ایس او پاکستان کی مجلس عاملہ کا اجلاس اختتام پذیر
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کہتا ہے کہ دروازے کھول رہے ہیں، مگر افسوس اس ناجائز ریاست نے پہلے انبیاء کی مقدس سرزمین پر بسنے والے اس کے حقیقی ورثاء پر انہی کی زمین کو استعمار کی پشت پناہی سے تنگ کیا، انہیں شدید ذہنی و معاشرتی اور معاشی الجھنوں کا شکار کیا اور پھر ظلم کی تمام حدیں پار کرکے قبضہ کیا، مساجد سے لے کر گھروں تک مسمار کر دیئے، مرد و خواتین سمیت بزرگ و بچوں تک پر بھی رحم نہ کیا۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بیت المقدس سے مسلمانوں کو بے دخل کر دیا اور آج مظلوموں کے خون پر کھڑے ہوکر پھر ”پارسائی“ کے دعوے، یہ کھلا دھوکہ ہے، بین الاقوامی دنیا اور سنجیدہ فکر حلقے کبھی بھی اس دھوکہ بازی میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی سطح پر اعتماد کھو چکا، مگر نئے انداز میں دھوکہ دینا چاہتا ہے، جسے تمام باضمیر انسان ناصرف ناکام بنائیں گے، بلکہ اسے آنے والے وقت میں مزید بے نقاب بھی کرینگے۔ علامہ ساجد نقوی نے اسرائیل کے حوالے سے بین الاقوامی دہرے معیار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کا دہرا معیار عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔