
اسرائیل عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوچکا ہے، جیک سلیوان کا اعتراف
شیعہ نیوز: سابق امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے غزہ جنگ کو بے نتیجہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر جنگ ختم کرنے اور امن معاہدہ لانے پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سابق مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل عالمی سطح پر شدید تنہائی کا شکار ہوچکا ہے اور غزہ میں جاری جنگ اس کے لیے سیکیورٹی کی بجائے عالمی تنقید، انسانی بحران اور سفارتی تنہائی کا سبب بن رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حب: ایم ڈبلیو ایم کا زائرین کے زمینی سفر پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ کا خاتمہ ضروری ہوچکا ہے۔ یہ جنگ اسرائیل کو سیکیورٹی نہیں دے رہی، بلکہ انسانی المیے کو بڑھا رہی ہے اور اسرائیل کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
جیک سلیوان نے مزید کہا کہ تل ابیب کو ایک ایسا معاہدہ پیش کرنا چاہیے جس کے تحت تمام اسرائیلی قیدیوں کی واپسی کے بدلے میں جنگ کا خاتمہ ہو۔ اس جنگ کو جاری رکھنے کا اب کسی طور پر جواز باقی نہیں رہا۔
انہوں نے اسرائیلی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی تلاش میں ہے، جس میں محدود فوجی کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام اور شدید انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے۔ اسرائیل کی عالمی تنہائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔