اسرائیل کے ساتھ تعلقات عرب حکومتوں کے خاتمے کی علامت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ عرب حکومتوں کی طرف سے دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے خطرات سے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی طرف سے بعض عرب حکومتوں کے ساتھ استوار کئے جانے والے دوستانہ تعلقات کا خیرمقدم، عرب حکومتوں کی اسرائیل کے ساتھ گہری وابستگی اور ان کے عنقریب خاتمے کی ایک واضح علامت ہے۔
حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست شروع سے ہی غیرقانونی تھی اور تاابد غیرقانونی رہے گی جبکہ عرب حکومتوں کی طرف سے ایسی غیرقانونی اور غاصب ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا استوار کیا جانا امتِ اسلامیہ کے ساتھ خیانت ہے کیونکہ اس غاصب صیہونی ریاست کو تنہا کر دیا جانا چاہئے تاہم فلسطینی قوم عالمی عدالت میں اس غاصب رژیم کے مجرم حکمرانوں کے مواخذے کی حمایت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اسرائیل اور بعض عرب حکومتوں کے درمیان بڑھتی قربتوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ (عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان) دوستانہ تعلقات استوار کر لئے جائیں اور صلح برقرار ہو جائے۔