
اسرائیل کی شام کے شہر حمص میں دو فوجی اڈوں پر وحشیانہ بمباری
شیعہ نیوز: قابض اسرائیلی جنگی طیاروں نے منگل کی صبح وسطی شام کی حمص گورنری میں فوجی مراکز پر بمباری کی، جس میں تدمر اور’ٹی فور‘ فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق بمباری میں دو اڈوں کے اندر "بقیہ فوجی صلاحیتوں” کو نشانہ بنایا گیا۔
’ٹی فور‘ بیس جسے تیاس ایئر بیس بھی کہا جاتا ہے شام کے اہم ترین فوجی ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، جو پالمیرا سے 50 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بن گورین ایئرپورٹ اور امریکی ایئرکرافٹ کیریئر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، جنرل یحیی سریع
یہ نئی جارحیت حمص شہر کے قریب فوجی ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنانے کے اسی طرح کے چھاپوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس حملے میں جنوبی شام کے شہر درعا کے قریب تین افراد شہید ہوئے تھے۔ یہ ملک بھر میں مختلف مقامات کو نشانہ بنانے والے اسی طرح کے چھاپوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔
گذشتہ دسمبر میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے اسرائیل نے شام بھر میں فوجی تنصیبات، بحری اڈوں اور فضائی اڈوں پر سیکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔ قابض ریاست کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور پر نئی انتظامیہ کو سابق حکومت کے ہتھیاروں کا حصول روکنے کے لیے حملے کررہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے شامی گولان کی پہاڑیوں کے بفر زون میں بھی دراندازی کی جو اسرائیل کے زیر قبضہ حصے کے مضافات میں واقع ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل نے رواں سال کے آغاز سے اب تک 32 مرتبہ شامی علاقے کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ڈپو، ہیڈ کوارٹر، مراکز اور گاڑیوں سمیت تقریباً 40 اہداف کو نقصان پہنچا اور تباہ کیا گیا ہے۔
ان حملوں کے نتیجے میں 12 افراد شہید ہوئے، جن میں ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے پانچ ارکان شامل تھے۔