اسرائیل نے ہم پر حملہ کیا تو اسے دن میں تارے دکھا دیں گے: شیخ نعیم قاسم
لبنانی مزاحمتی تنظیم ‘حزب اللہ’ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہم پرحملہ کیا تو صہیونی دشمن کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔
حزب اللہ کے رہنما نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز کے اس بیان کے رد عمل میںیہ بیان دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے صہیونیوں کو کہا ہے کہ وہ مطمئن رہیں۔ اسرائیل کا حزب اللہ کے ساتھ جنگ چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم انہوں نے حزب اللہ پر الزام عاید کیا کہ وہ شہری آبادی میں میزائل اور گولہ بارود ذخیرہ کر رہی ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیل پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں مگر اسرائیل نے ہم پر حملے کی کوشش کی تو صہیونی ریاست کو دن میں تارے دکھا دیں۔
حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے نعیم قاسم نے کہا کہ کچھ لوگ لبنانی قوم کو کم زور کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کے لیے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور لبنانی مزاحمت کو کم زور کرنا چاہتے ہیں۔ حزب اللہ مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کرے گی۔ ہم لبنانی قوم کے دفاع کی فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔ دشمن کے لیے آسان نہیں کر سکتے۔