
اسرائیل کو جنگ بندی کے لئے مذاکرات میں دلچسپی نہیں، قطر
شیعہ نیوز: قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے غزہ پر اسرائیل کی حالیہ بمباری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو جنگ بندی کے لئے مذاکرات میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ پر صہیونی حکومت کی جارحیت اور حملوں کی وجہ سے جنگ بندی کے لئے کوششوں کو دھچکہ لگا ہے۔ ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک صہیونی حکومت پر عدم سنجیدگی کا الزام لگارہے ہیں۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف جارحیت اور حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی حکومت کو جنگ بندی مذاکرات میں کسی قسم کی سنجیدگی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: کالعدم سپاہ صحابہ کے مولوی کی مدرسے کے کمسن طالب علم سے بد فعلی و قتل
انہوں نے امریکہ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کردہ انسانی ہمدردی پر مبنی منصوبے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر یہ ہے کہ اقوام متحدہ کو براہ راست انسانی امداد غزہ کے عوام تک پہنچانے کی اجازت دی جائے۔
قطری وزیرخارجہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مذاکراتی وفد کی آمد کے ساتھ ہی اسرائیل نے بڑے پیمانے پر بمباری شروع کردی، جو کہ کسی طور تعمیری رویہ نہیں۔
انہوں نے امریکی یرغمالی عیدان الیگزینڈر کی رہائی میں پیشرفت کو مذاکرات کے احیاء کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا اور کہا کہ یہ پیشرفت فریقین کو مذاکرات کی راہ پر واپس لانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔