پارلیمنٹ میں نیتن یاھو کے خلاف مظاہرے روکنے کے لیے ترمیمی بل
شیعہ نیوز : اسرائیلی ریاست کی دستور ساز کمیٹی نے منگل کے روز ایک نئے مسودہ قانون پر غور شروع کیا ہے۔ مسودہ قانون دراصل ایک ترمیمی بل ہے جس میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو کورونا کی وبا کے دوران مظاہرے روکنے کے لیے وسیع تر اختیارات دیئے گئے ہیں۔
عبرانی اخبارات کے مطابق ترمیمی بل کا مقصد نیتن یاھو کے استعفے کے لیے ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے انہیں وسیع اختیارات فراہم کرنا ہے۔ اس قانون کی آڑ میں وزیراعظم اپنے خلاف کورونا کے دوران ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے وسیع اختیارات استعمال کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئینی ترمیمی بل نیتن یاھو کے اشارے پر ان کی جماعت ’’لیکوڈ‘‘ کی طرف سے پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے۔اس بل کے ذریعے نیتن یاھو کورونا کی آڑ میں لوگوں کو اجتماعات سے روکنے کے لیے احکامات صادر کرسکیں گے۔ اس قانون کے تحت وزیراعظم کی ہدایت پر ایک ہزار سے زیادہ لوگوںکے اجتماعات پر پابندی عائد کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ کئی مہینوں سے اسرائیلی وزیراعظم کی کرپشن اور ان کی بدعنوانی کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہورہے ہیں۔ ان مظاہروں میں وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔