غزہ،اسرائیلی کے فضائی حملے جاری، فلسطینی شہداء کی تعداد 139 ہوگئی
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے لئے عالمی اپیلوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے غزہ اور دیگر علاقوں میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ اور غیر انسانی فضائی حملے جاری رکھے۔
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے آج علی الصبح غزہ میں اپنے تازہ فضائی حملوں میں ایک مسجد کو شہید کر دیا۔فلسطینی طبی عملے کے مطابق پورے غزہ میں رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں میں کم از کم بارہ افراد شہید ہوئے۔مغربی غزہ کی پٹی میں آج علی الصبح اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے دس افراد شہید ہو گئے۔
طبی عملے کے مطابق SHATI کے پناہ گزینوں کے کیمپ میں ایک تین منزلہ عمارت میں آٹھ بچوں اور دو خواتین کو شہید کیا گیا۔پیر کے روز سے اب تک چالیس بچوں اور خواتین سمیت کم از کم ایک سو انتالیس فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کل ہونے والے اجلاس سے قبل بائیڈن انتظامیہ کے نمائندے ہادی امر جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کے لئے تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔