
اسرائیلی فوج کے سربراہ کا دورہ امریکہ منسوخ، وجہ سامنے آگئی
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے گذشتہ ہفتے طے شدہ اپنا دورہ امریکہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ کی جنگ کے حوالے سے اسرائیلی حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرچکے ہیں۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے انکشاف کیا کہ ایال زامیر نے جنگی صورت حال، جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت کے فقدان اور داخلی سیاسی تناؤ کے باعث واشنگٹن کا یہ اعلی سطحی دورہ منسوخ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : یورپی قرارداد کے فورا بعد ایران پر اسرائیلی حملہ محض اتفاق نہیں تھا، روس
ادھر، عبرانی اخبار معاریو نے فوجی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں اپنی کارروائیاں مکمل کرچکی ہے اور اب مزید اقدامات کی ذمہ داری سیاسی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ ایک فوجی اہلکار نے واضح کیا کہ ہم نہیں جانتے کہ سیاسی حکام کیا چاہتے ہیں۔ ہم نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے، اب فیصلہ ان کا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اب حماس کے ساتھ ایک جامع معاہدے کی خواہاں ہے، اور اس نے سیاسی قائدین کو جنگ کے تسلسل کے ممکنہ نتائج سے خبردار کیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق جنرل ایال زامیر چاہتے ہیں کہ وہ اپنی نئی حکمت عملی کابینہ کے سامنے رکھیں، لیکن وزیراعظم نیتن یاہو نے ان تجاویز پر بحث یا باضابطہ اجلاس کی اجازت نہیں دی۔
غزہ میں جنگ بندی اور حماس کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے صہیونی کابینہ اور فوجی افسران کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔