غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بربریت، 24 گھنٹوں میں 187 شہید، 312 زخمی
شیعہ نیوز: فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 187 شہری شہید اور 312 زخمی ہوگئے۔
وزارت صحت نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت میں گذشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اب تک 21,507 شہید اور 55,915 زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اربیل میں امریکی دہشت گرد فوجی اڈے پر ڈرون حملہ
قابل ذکر ہے کہ غزہ کی پٹی میں تباہ شدہ گھروں یا گلیوں اور مختلف محلوں کے ملبے تلے 7 ہزار سے زائد لاپتہ افراد موجود ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں قابض صیہونی فوج گھس آتی ہے اور وہاں طبی ٹیمیں انہیں نکالنے میں ناکام رہتی ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے نامہ نگاروں کی تعداد106 ہوگئی ہے۔
فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں فلسطین انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی غزہ کے النصیرات کمیپ پر صیہونی فوج کی بمباری میں القدس الیوم کے نامہ نگار جبر ابو ہدروس شہید ہوگئے ۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے النصیرات کیمپ میں القدس الیوم کے نامہ نگار جبر ابو ہدروس کے گھر پر براہ راست بمباری کردی ۔
اس بمباری میں صحافی جبر ابو ہدروس اپنی اہلیہ اور چار بچوں کے ہمراہ شہید ہوگئے ۔
ابوہدروس کی شہادت کے بعد غزہ میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے نامہ نگاروں کی تعداد 106 ہوگئی ہے۔
7 اکتوبر سے اسرائیل غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ مسلط کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اب تک 83 ہزار سے زائد افراد شہید، لاپتہ اور زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے 70 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں، اس کے علاوہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔