
اسرائیلی افواج اور ٹیکنالوجی ناکام، حماس نے فتح حاصل کرلی، حافظ نعیم الرحمن
شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج اور ٹیکنالوجی ناکام ہوگئی اور حماس کے مجاہدین نے فتح حاصل کرلی ہے، وقت آگیا ہے کہ فلسطین کو اسرائیلیوں سے پاک کیا جائے، یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اسرائیل کی معیشت کو نقصان پہنچائیں گے، جماعت اسلامی کے کارکن عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے عوام کے شانہ بشانہ رہتے ہیں، غزہ کی مہم یا انتخابات کی مہم یا لوگوں کے مسائل کی جدوجہد ہو ہم پوری تیاری کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے، جن لوگوں نے موقع پرستی کی سیاست کی، ووٹ لانڈھی اور کورنگی سے حاصل کیے لیکن ملک سے باہر جائیدادیں بنائی انہی لوگوں نے شہر کا سودا کیا، کراچی کے عوام بیدار ہوگئے ہیں، شہریوں کا استحصال کرنے والے جان لیں کہ اب کراچی کے عوام قومی انتخابات میں مسترد کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ڈھائی نمبر ڈبل روڈ پر ”یکجہتی فلسطین مارچ“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ہمارے سروں پر ایسے حکمران مسلط ہیں جنہیں فلسطین کے مسئلے سے کوئی سروکار ہی نہیں ہے، یہ امریکہ اور ان کے آلہ کار کے غلام بنے ہوئے ہیں، فلسطین میں صیہونی مسلسل بمباری کررہے ہیں اور غزہ کے اسپتالوں کا محاصرہ کیا ہوا ہے، ان حالات میں او آئی سی کا اجلاس ہوا لیکن ایسے اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں جس میں فلسطینی بچوں کو شہید کیا جاتا رہے اور امت مسلمہ کے حکمران صرف اجلاس ہی کرتے رہیں، اسرائیل کے حامی بھی اب یہ کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ 1967ء میں اسرائیل نے 6 دن میں فلسطین پر قبضہ کرلیا تھا لیکن اب ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر گیا لیکن اسرائیل حماس کو شکست نہیں دے سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے، ہمیشہ امت کے دکھ سکھ میں شریک رہتا ہے، ہمارے حکمران فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دینے کے بجائے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کہتے ہیں کہ اسرائیل اور فلسطین کا مسئلہ دو ریاستی حل ہونا چاہیئے، ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ کوئی دو ریاستی حل نہیں ہے ریاست صرف اور صرف فلسطین کی ہے، مسلم حکمرانوں میں جو بھی دو ریاستی حل کی بات کرے گا وہ امریکہ اور اسرائیل کا ایجنٹ کہلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گرد ملک ہے جس نے انسانیت کو قتل کیا، ہم حماس کے مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی مزاحمت سے مغربی عوام خود مغرب کے حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، مغرب کے قوانین میں جانوروں تک کے حقوق ہیں لیکن دوسری طرف غزہ کے معصوم بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، امریکہ کا دوہرا نظام اور دوہرا معیار ہے جو انسانوں پر انسانیت کی حاکمیت قائم کرتا ہے، آج بے حس مسلم حکمرانوں کے ضمیر کو جگانے کی ضرورت ہے۔