اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، 30 فلسطینی شہری گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں منگل کے روز اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 30 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ محروسین میں سابق اسیران اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق منگل کو گھر گھر تلاشی کےدوران اسرائیلی فوج نے بڑی شہریوں کے گھروں میں گھس کراور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئےخواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی گئی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے تلاشی کےدوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مختلف کارروائیوں میں ماخوذ تھے۔
ادھر بیت المقدس میں بھی تلاشی کی مہم کے دوران پندرہ فلسطینیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔
غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کے دوران دیر نظام سے دو بچوں عبدالرحمان محمد صالح تمیمی اور رامز محمد عبدالرحمان تمیمی کو حراست میں لیا گیا۔
جنوبی شہر الخلیل سے دو بچوں یوسف اشرف جوابرہ اورسلیم مازن جوابرہ کو حراست میں لیا گیا جب کہ العروب کیمپ سے بہاء کمال جوابرہ نامی ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
مشرقی رام اللہ میں سلواد کے مقام پر تلاشی کے دوران سلیمان ابو صآلحہ اور اور نابلس سے مجد عبدالکریم عازم کو حراست میں لے لیا گیا۔
جنین کے شمال میں قائم جنین کیمپ سے محمد اور صالح ابو زینہ نامی دو حقیقی بھائیوں اور حسام الغول نامی شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ادھر بیت المقدس میں العیسویہ کے مقام سے پندرہ فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں جب کہ 7 فلسطینیوں کو حراستی مراکز میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں 5700 فلسطینی شہری پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 230 بچے، 48 خواتین اور بغیر کسی الزام کے انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل فلسطینیوں کی تعداد 500 ہے۔ 1800 فلسطینی قیدی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جن میں سے 700 کو فوری طبی معاونت کی ضرورت ہے۔