
اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ، غزہ میں ایک فلسطینی بچہ شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی بچہ شہید اور کم سے کم پانچ زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے خان یونس میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 16 سالہ فہد محمد ولید الاسطل شہید اور پانچ دوسرے زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے مشرقی خزاعہ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کچھ دیر ان میں زخمی ہونے والے ایک بچے نے ولید الاسطل نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
دوسری طرف غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے متعدد علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے خان یونس علاقے پر وحشیانہ بمباری کی جس میں متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
المیادین کے مطابق غزہ پراسرائیلی توپخانہ سے گولہ باری بھی کی گئی ہے۔ اسلامی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیلی بربریت کے جواب میں مقبوضہ فلسطین میں کئی راکٹ اور میزائل فائر کئے ہیں۔