
اسرائیلی فوج نے الشیخ حسن یوسف اور الشیخ شمسانہ کو گرفتار کر لیا
شیعہ نیوز : اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سرکردہ رہنما اور سینیر رکن پارلیمنٹ الشیخ حسن یوسف کو اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر گرفتار کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق الشیخ حسن یوسف کو اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز وسطی رام اللہ میں بیتونیا میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا۔ 64 سالہ فلسطینی سیاست دان حسن یوسف اسرائیلی فوج بار بار گرفتار کرکے زندان میں ڈالتی رہتی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ایک چھارپہ مار کارروائی کے دوران عوفرکیمپ سے الشیخ حسن یوسف کو حراست میں لے لیا۔
حسن یوسف کو گذشتہ جولائی میں مسلسل 15 ماہ قید کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ وہ اپنی زندگی کے 21 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغربی علاقے قطنہ میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران سرکردہ عالم دین الشیخ سلیم شمسانہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ الشیخ شمسانہ کی گرفتاری کے وقت قطنہ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کےدرمیان تصادم ہوا جس میں قابض فوج نے متعدد فلسطینیوںکو تشدد کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ الشیخ شمسانہ کی یہ پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ 7 سال اسرائیلی زندانوں میں ظلم وبربریت کا نشانہ بن چکے ہیں۔ انہیں آخری بار 18 ماہ کی انتظامی قید کے بعد رہا کیا گیا تھا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے بیتونیا ہی میں ایک دوسری کارروائی کے دوران ایک اور فلسطینی رہنما ماہر القاضی کو گرفتار کرلیا۔