
اسرائیل کی جنوبی لبنان پر جارحیت، حزب اللہ کا فیلڈ کمانڈر شہید
شیعہ نیوز: قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے علاقے باریش میں ایک فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کے ممتاز فیلڈ کمانڈر یاسین عبد المنعم عزالدین کو شہید کر دیا ہے۔ وہ حزب اللہ کی "قطاع اللیطانی” آرٹلری یونٹ کے سربراہ تھے۔
یہ فضائی حملہ بدھ کی شام کیا گیا، جس میں حزب اللہ کے اس سینئر کمانڈر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف تھے۔ حزب اللہ کی جانب سے اب تک اس حملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قابض اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یاسین عزالدین شمالی فلسطین کی سمت حزب اللہ کی توپ خانے کی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے، اور وہ ان افراد میں شامل تھے جو حالیہ مہینوں میں حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو دوبارہ بحال کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : جمعہ کو ملک بھر میں مظاہرے ہونگے، دفتر علامہ ساجد نقوی
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی حزب اللہ کی جارحانہ صلاحیتوں کو محدود کرنے اور قابض اسرائیلی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔ فوج نے واضح کیا کہ وہ حزب اللہ کی عسکری سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی خطرے کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
حالیہ ہفتوں میں قابض اسرائیل نے حزب اللہ کی میدانی قیادت میں شامل کئی اہم افراد کو نشانہ بنایا ہے، جن میں توپ خانے کے یونٹ کے سربراہان اور وہ افسران شامل ہیں جو مقبوضہ الجلیل پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تل ابیب ان کارروائیوں کو حزب اللہ کی پیش قدمی روکنے اور اسے دفاعی پوزیشن پر مجبور کرنے کی حکمت عملی قرار دیتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب وہ ایران کے ساتھ جنگ میں مصروف ہے۔