یہ امر باعث تشویش ہے کہ حکومت کو سانحہ بہاولنگر کا علم ہی نہیں، علامہ اسدی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بہاولنگر کے دلسوز واقعہ پر حکومتی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے واضح طور پر لگایا جا سکتا ہے کہ تاحال غفلت برتنے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھانا تو کُجا پنجاب حکومت کے ترجمان نیشنل میڈیا پر ڈھٹائی سے یہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ انہیں دہشت گردی کے اس سانحے کی درست معلومات ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او بہاولنگر ظفر بزدار کی غفلت کا تاحال نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے بہاولنگر دہشتگردانہ کارروائی میں شہید اور زخمی ہونیوالے عزادار شہریوں کیلئے حکومت پنجاب کے وزیر میاں شوکت علی لالیکا کے امدادی اعلان کی جلد تکمیل کا مطالبہ بھی کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ بہاولنگر میں یہ دہشتگردی کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی یہاں ہماری مسجد میں اذانِ فجر دیتے ہوئے ضعیف مؤذن پر کلہاڑی کے وار کرکے شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پہلے ہی واقعے پر انتظامیہ اور ادارے نوٹس لے لیتے تو بم دھماکوں کی نوبت نہ آتی، یکے بعد دیگرے دو ہینڈ گرنیڈ جلوس عزاء پر پھینکے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک سوائے ان دہشتگردوں کے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جو دہشتگرد موقع واردات سے عزادار شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گرفتار کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں، ضروری نہیں کہ ہر دفعہ اپنا جائز آئینی و قانونی حق لینے کیلئے ہم دھرنا دیں اور احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن پاکستان بالخصوص پنجاب کسی بھی احتجاجی سلسلے کا متحمل نہی ہوسکتا، لہذا حکومتی ارکان و انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقامی افسران کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے، شہداء اور زخمیوں کے خانوادوں سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے، دہشتگردوں کے سرغنہ کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔